بھٹکل:۱۵/ستمبر (ایس او نیوز) تعلقہ کی جائیداد رجسٹریشن دفترمیں کرناٹکا اسٹیٹ وائیڈ ائیریا نیٹ ورک (کیسوان)کی طرف سے نصب کئے گئے انٹرنیٹ کے لگاتار آنکھ مچولی کھیلنے سے گاہکوں کے برہمی کا سبب بنا ہے۔
کیسوان کی ٹکنیکل دشواری کی وجہ سے آشریا گھر ، ملکیت کی رجسٹریشن داخل کرنے کے علاوہ مختلف رجسٹریشن کے لئے عوام کو دن بھر انتظار کرنا پڑ رہاہے۔ جس کے نتیجےمیں دفتر میں عوام کی بھیڑ جمع رہتی ہے۔ گاہکوں نے شکایت کی ہے کہ اپنے تما م کام کاج چھوڑکر دو تین دنوں سے دفترکے چکر کاٹنا مجبوری بن گئی ہے۔
اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے رجسٹریشن آفیسر راجیشوری نے کہا کہ یہ ہمارا مسئلہ نہیں ہے، کیسوان کی خرابی کے متعلق محکمہ کو اطلاع دی گئی ہے۔ ہمیں کچھ کرنا ممکن نہیں ہے، آپ لوگ انہیں سے پوچھیں ۔ نیا ٹینڈر بلانے میں دیری ہونے سے انٹرنیٹ کا مسئلہ پیدا ہونے کا الزام بھی عوامی سطح پر سنا گیا ہے۔ کیسوان کے ٹکنیکل دشواری کے متعلق بات کرتے ہوئے انجنئیر مہیش نے کہاکہ یقینا ً خرابی ہے، گذشتہ کچھ دنوں سے درست کرنے کی کوشش جاری ہے، آئندہ ایسی کوئی تکلیف نہ ہو اس طرح کی کوششیں ہورہی ہیں۔